نیویارک (سب نیوز /آئی پی ایس ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا ملک دنیا میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ 80ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان اور انڈیا کی جنگ سمیت دنیا میں سات جنگیں رکوائی ہیں۔میں نے سات جنگیں ان ممالک کے قائدین سے بات کر کے رکوائی ہیں، جنگ بند کروانے کے عمل میں اقوام متحدہ نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اپنی صلاحیت کے مطابق کام نہیں کر رہی۔ سوچتا ہوں کہ اقوام متحدہ کو بنانے کا مقصد کیا تھا۔امریکی صدر نے اپنے خطاب میں مسئلہ فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ ہونا چاہیے۔حماس کی وجہ سے ابھی تک جنگ بندی کا معاہدہ نہیں ہوا، حماس کو تمام یرغمالیوں کو رہا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چین اور انڈیا روس کا تیل خرید کر یوکرین کی جنگ میں فنڈنگ کر رہے ہیں۔صدر ٹرمپ نے یورپی ممالک پر زور دیا کہ وہ روس سے تیل کی خریداری بند کردیں۔
روس نے یوکرین کی جنگ پر معاہدہ نہ کیا تو اس پر بھاری ٹیرف عائد کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا، ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ امریکہ کا صدر کا کہنا تھا کہ سب سمجھتے ہی کہ امن کی کوششوں پر مجھے نوبیل انعام ملنا چاہیے میں انعام میں نہیں لوگوں کی زندگیاں بچانے میں دلچسپی رکھتا ہوں۔