بیجنگ(آئی پی ایس )چین نے جدید انجینئرنگ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے سنکیانگ کے علاقے میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے تعمیر کیے گئے دنیا کے بلند ترین ڈیم میں پانی بھرنے کا آغاز کر دیا ہے۔چین کے خود مختار علاقے سنکیانگ میں واقع 247 میٹر بلند یہ ڈیم دنیا کا سب سے اونچا ‘کنکریٹ فیسڈ راک فل ڈیم’ ہے۔ اس کی بلندی ایک 80 منزلہ عمارت کے برابر ہے اور یہ منصوبہ مکمل طور پر جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے تعمیر کیا گیا ہے۔
داشیشیا نامی یہ منصوبہ نہ صرف آبپاشی اور بجلی کی پیداوار میں انقلاب لائے گا بلکہ اس کی تعمیر میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی نے اسے مقررہ وقت سے کئی ماہ قبل تکمیل کے قریب پہنچا دیا ہے۔اس منصوبے کی خاص بات اس کی تعمیر میں مکمل طور پر خودکار اور ذہین ٹیکنالوجی کا استعمال ہے۔ اس میں بغیر ڈرائیور کے مشینیں چلانے سے لے کر مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل ٹوئن ، اور بلاک چین جیسی ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔