Tuesday, October 7, 2025
ہومبریکنگ نیوزعرب-اسلامی وزرائے خارجہ کا نیو یارک میں مشاورتی اجلاس، اسحاق ڈار کی شرکت

عرب-اسلامی وزرائے خارجہ کا نیو یارک میں مشاورتی اجلاس، اسحاق ڈار کی شرکت

نیویارک (سب نیوز )پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عرب-اسلامی وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ہے۔پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پیر کو نیو یارک میں قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ قطر شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کی میزبانی میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔ اجلاس میں اردن اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزرائے اعظم، جبکہ مصر، انڈونیشیا، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ بھی شریک تھے۔

اجلاس کے دوران شرکا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اہم امور پر مشترکہ مقف اختیار کرنے کے لیے آرا کا تبادلہ کیا اور حکمت عملی پر مشاورت کی۔اسحاق ڈار نے اسلامی ممالک کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور تعاون کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو مشرق وسطی کے اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ دلی وابستگی ہے اور پاکستان خطے سمیت عالمی سطح پر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ہر مثبت کوشش کی حمایت کرتا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلامو فوبیا اور پائیدار ترقی سمیت علاقائی صورتحال اور دوسرے بین الاقوامی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر پر روشنی ڈالیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔