ہومپاکستانن ، پی پی پی آمنے سامنے ،کراچی کو پیرس بنا دیں گے، شہباز شریف ،سکھر کا اپوزیشن لیڈرجیل میں ، لاہوری مزے میں، بلاول کا جوابی وار

ن ، پی پی پی آمنے سامنے ،کراچی کو پیرس بنا دیں گے، شہباز شریف ،سکھر کا اپوزیشن لیڈرجیل میں ، لاہوری مزے میں، بلاول کا جوابی وار

کراچی /سکھر ،مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے ایک دوسرے پر طنز کے تیر چلا دیئے ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ، موقع ملا تو کراچی کو پیرس بنا دیں گے جبکہ بلاول بھٹو نے نام لئے بغیر شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر پی پی کا ہو تو جیل میں، لاہورکا ہے تو آزاد پھر رہا ہے، حکومت اتنا ظلم کرے جتنا وہ خود برداشت کرسکتے ہیں۔
پیر کو کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت ہم قائد اعظم محمد علی جناح سے شرمندہ ہیں، ہم نے ان کے فرمودات کو نظر انداز کیا، پاکستان بنانے والے قائد اعظم اور ان لاکھوں شہیدوں کی روح تڑپ رہی ہوں گی اس لیے واحد طریقہ ہے کہ بانی پاکستان کے فرموادت پر عمل کریں۔ اللہ تعالی نے پاکستان ہمیں انعام کے طور پر عطا کیا ہے اور قائد اعظم نے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا تھا۔ مگر آج 74 برس گزر جانے کے باوجود میں اپنے قائد سے شرمندہ ہیں، شرمندہ ہیں کہ ہم نے قائد کے فرمودات کو بھول گئے اور ایسی روش اختیار کی جس کے نتیجے میں پاکستان دولخت ہوگیا اس کے بعد بھی سبق نہیں سیکھا۔شہباز شریف نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ جب ہم اقتدار میں تھے تو مزار قائد پر حاضری نہیں دی اور جب تک چھوٹے صوبے ترقی نہیں کریں گے پاکستان کی ترقی نہیں کہلائے گی۔ ہم دور اقتدار میں ترقی کی جانب سے تیزی سے اقدامات اٹھائے جارہے تھے، گرین لائن وفاق کا سندھ کے لیے تحفہ تھا اور کراچی میں پانی کی قلت کو ختم کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بھرپور کام کیا، کراچی میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کسی جادو ٹونے سے ختم نہیں ہوئی۔ جب ہم اقتدار میں تھے اور میں چین کے دورے کرتا تھا تو متعدد مرتبہ دیگر صوبوں کے وزرا اعلی میرے ہمراہ ہوتے تھے۔ کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، اگر ہمیں موقع ملا تو کراچی کو پیرس بنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے تمام جماعتوں نے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے منتخب کیا اور میرا فرض ہے کہ مختلف مسائل پر آواز بلند کروں اور تاریخ کی سب سے نالائق، نااہل حکومت کی کرپشن کو بے نقاب اور ان کا احتساب کروں۔شہباز شریف نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ماضی میں کسی حکومت کو 30 فیصد تک کی بھی اسٹیبلشمنٹ کی مدد حاصل رہی ہو۔ ملکی تاریخ میں ایسی مثال موجود ہے جس میں کسی حکومت کو اسٹیبلشمنٹ کی اتنی مدد ملی ہو جتنی موجودہ نااہل اور نالائق حکومت کو مل رہی ہے مگر بدقسمتی ہے کہ اس کے باوجود موجودہ حکومت نے فائدہ نہیں اٹھایا۔ ہمارے دو ہی مطالبے ہیں کہ 2023 کے انتخابات شفاف ہونے چاہیے اور تمام جماعتوں کو بھرپور انداز میں انتخابات میں حصہ لینا چاہیے، شفاف انتخابات کے نیتجے میں منتخب ہونے والی پارٹی کو عوام کی خدمت کا بھرپور موقع ملنا چاہیے۔صدر مسلم لیگ (ن)نے افغانستان کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم افغان مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں لیکن حکومت سازی، انتخابات اور دیگر ریاستی امور کے بارے میں افغانستان کے عوام کو خود فیصلہ کرنا ہے اور عوام کی امنگووں کے نتیجے میں جو بھی برسراقتدار آتے ہیں، ہمیں قبول ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کی ترقی تک ملک ترقی نہیں کرے گا، گرین لائن مسلم لیگ (ن)کا منصوبہ تھا ،ہم نے سندھ اورکراچی کے عوام کو تحفہ دیا،پیپلز پارٹی سیاسی جماعت اور ایک حقیقت ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے مجھے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنایا ہے، میرا فرض ہے کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں۔شہباز شریف نے کہا کہ عوام جسے موقع دیں اسے خدمت کا موقع ملنا چاہیے، موجودہ حکومت نالائق اور نااہل ہے ، یہ چور دروازے سے آئی ہے، گزشتہ 74 سال میں اسٹیبلشمنٹ نے کسی کو اتنا سپورٹ نہیں کیا جتنا اس حکومت کو کیا، ہمیں مزاحمت یا مفاہمت نہیں صرف شفاف انتخابات چاہیئں، ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ 2023 کے انتخابات شفاف ہونے چاہیئں۔قبل ازیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی ایک جماعت ملک کو مسائل سے نہیں نکال سکتی، ملک کو درپیش چیلنجز کا حل قومی حکومت کے قیام میں ہے، آئندہ شفاف انتخابات میں ہمیں موقع ملا تو قومی حکومت بنائیں گے۔سکھر میں کارکنوں سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا مقابلہ صرف پیپلزپارٹی ہی کرسکتی ہے، پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں، ہم نے ہمیشہ غریب عوام کا ساتھ دیا ، کسانوں کا خیال رکھا، نہ تو پٹواریوں سے اور نہ ہی مولانا سے بلکہ حکومت کا مقابلہ صرف جیالوں سے ہے، ہم سکھر سے کشمیر تک کٹھ پتلیوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تحریک انصاف کی آخری حکومت ہے، حکومت اتنا ظلم کرے جتنا وہ خود برداشت کرسکتے ہیں، جیالوں کا دور آنے والا ہے، پیپلزپارٹی سلیکٹڈ کو بھگانے کے لئے اس سرزمین پر کھڑی ہے، سلیکٹڈ اور نااہل حکومت کو بھگانے کیلئے کارکنوں کو جاگنا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو تکلیف سے دوچار کیا، پیپلز پارٹی رہنماں پر مقدمات ہیں ،خورشید شاہ آج بھی پابند سلاسل ہیں، سکھر کا اپوزیشن لیڈرجیل میں ہے اور لاہور کا مزے کررہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔