Friday, November 14, 2025
ہومپاکستانٹی چوک فلائی اوور منصوبہ اسلام آباد، راولپنڈی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، وزیراعظم

ٹی چوک فلائی اوور منصوبہ اسلام آباد، راولپنڈی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹی چوک فلائی اوور کا منصوبہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے شہریوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا، ریل کار کے مجوزہ منصوبے سے جڑواں شہروں کے مکینوں کو مزید آسانیاں میسر آئیں گی، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے ٹی روڈ تا اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے کے جنکشن (ٹی چوک) فلائی اوور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک کلومیٹر طویل فلائی اوور جڑواں شہروں اور دیگر علاقوں کو جانے میں سہولت فراہم کرے گا۔انہوں نے منصوبے کے لیے وزیر داخلہ اور سی ڈی اے حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او)سمٹ کی میزبانی کرے گا، جس کے لیے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کرنا ہوگا۔
انہوں نے اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ تاجکستان نے تحفے میں مختلف اقسام کے پودے دیئے ہیں جو شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے، چند ہفتوں میں شاہراہ دستور کے اطراف خوبصورت پھول نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے حنیف عباسی پنڈی، اسلام آباد میں سفری سہولت کے نئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ریل کار کے منصوبے سے جڑواں شہروں کے مکینوں کو مزید سہولت ملے گی، جب کہ میٹرو بس سروس کے علاوہ ماحول دوست ای وی ٹرانسپورٹ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبہ 150 دن میں مکمل کیا جائے گا اور اعلی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر ایک ارب 49 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی، فلائی اوور کی تعمیر سے یومیہ 41 ہزار 572 گاڑیوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی، فلائی اوور کا ڈیزائن نیسپاک نے تیار کیا ہے جو ایک کلومیٹر سے زائد طویل اور 11.30 میٹر چوڑا ہوگا، اس کے ساتھ اسٹریٹ لائٹس اور ہارٹیکلچر کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔