ریاض (سب نیوز)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر سعودی فنڈ برائے ترقی کی جانب سے شام کو 1.65ملین بیرل خام تیل کی فراہمی کیلئے گرانٹ جاری کر دی گئی ۔ اس سلسلے میں سی ای او سعودی فنڈ برائے ترقی سلطان المرشد اور شام کے وزیر توانائی محمد البشیر نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
اس گرانٹ کا مقصد شام کی ریفائنریوں کے آپریشنز کو بڑھانا اور آپریشنل اور مالی استحکام دونوں کو حاصل کرنا ہے۔ اس کے اہداف میں معاشی ترقی کی حمایت، اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنا، اہم شعبوں کی ترقی کو فروغ دینا اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تعاون شامل ہے۔ یہ گرانٹ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی بنیاد پر برادر شامی عوام کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سعودی عرب کی بادشاہت کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔
