Monday, October 20, 2025
ہومبریکنگ نیوزعمرقید کے ملزم کی اپیل پر سماعت: جج سپریم کورٹ کا مدعی مقدمہ سے دلچسپ مکالمہ، کمرہ عدالت میں قہقہے

عمرقید کے ملزم کی اپیل پر سماعت: جج سپریم کورٹ کا مدعی مقدمہ سے دلچسپ مکالمہ، کمرہ عدالت میں قہقہے


اسلام آباد:سپریم کورٹ میں عمر قید کے ملزم عبدالرزاق کی اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس ہاشم کاکڑ نے مدعی مقدمہ سے دلچسپ مکالمہ کیا اور کمرہ عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔

مدعی مقدمہ نیاز احمد نے کہا کہ ہم نے وکیل کرنا ہے، وقت چاہیے، جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ ملزم نے عمر قید کی سزا مکمل کرکے 11 جنوری 2026 کو رہا ہو جانا ہے، آپ کو وکیل کرنے کی کیا ضرورت ہے، تین، چار ماہ کی بات ہے۔

مدعی نیاز احمد نے کہا کہ ایک وکیل صاحب سے بات کی ہے وہ 12 لاکھ روپے مانگ رہا ہے، جسٹس ہاشم کاکڑ نے مکالمہ کیا کہ وکیل کو بارہ لاکھ روپے کیوں دینا چاہتے ہیں۔

مدعی مقدمہ نے کہا کہ ملزم نے دو افراد کو قتل کیا ہے، جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ 12 لاکھ روپے اپنے بچوں کی پڑھائی پر لگاؤ، وہ کام جو وکیل نے بارہ لاکھ روپے لیکر کرنا ہے وہ کام سرکاری وکیل مفت میں کر دے گا۔

مدعی نیاز احمد نے کہا کہ نہیں ہمیں وکیل کرنے کیلئے وقت دے دیں، جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ چلیں مرضی ہے آپ کی، وکیل کہیں یہ نہ کہہ دیں میں ان کے خلاف بات کر رہا ہوں، ٹھیک ہے آپ بارہ لاکھ روپے والا وکیل کر لیں، اس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی، جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔