Thursday, September 11, 2025
ہومپاکستانیوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے تمام ملازمین کو فارغ کرنے کا باضابطہ سرکلر جاری ،منظور شدہ مالی پیکج کی تفصیلات سب نیوز پر

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے تمام ملازمین کو فارغ کرنے کا باضابطہ سرکلر جاری ،منظور شدہ مالی پیکج کی تفصیلات سب نیوز پر

اسلام آباد (سب نیوز)یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ نے تمام ملازمین کو یکم ستمبر 2025 سے فارغ کرنے کا باضابطہ سرکلر جاری کر دیا ہے جبکہ فیصلے کے تحت کارپوریشن کے 11 ہزار 406 ملازمین کو حکومت کی جانب سے منظور شدہ مالی پیکج دیا جائے گا۔مستقل، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مجموعی طور پر 19 ارب 50 کروڑ 40 لاکھ روپے کا پیکج فراہم کیا جائے گا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق 2 سال یا کم سروس پر مستقل ملازمین کو باقی مہینوں کی مکمل تنخواہ دی جائے گی جبکہ 20 سال سے زائد سروس والے مستقل ملازمین کو مکمل برسوں کی 2 جاری بنیادی تنخواہیں دی جائیں گی اور 20 سال تک سروس پر مستقل ملازمین کو مکمل برسوں کی 3 جاری بنیادی تنخواہیں ملیں گی یا باقی مہینوں تک 1.25 کی جاری بنیادی تنخواہ ادا کی جائے گی۔
5 ہزار 229 مستقل ملازمین کو مجموعی طور پر 13 ارب 18 کروڑ 30 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔کنٹریکٹ ملازمین کے لیے 2 سال یا کم سروس پر باقی مہینوں کی جاری بنیادی تنخواہ دی جائے گی، 16 سال تک سروس پر 30 بنیادی تنخواہیں ملیں گی۔16 سال سے زائد سروس پر 35 بنیادی تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔3 ہزار 323 کنٹریکٹ ملازمین کو 3 ارب 60 کروڑ 20 لاکھ روپے کا پیکج دیا جائے گا۔ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے 2 سال یا کم سروس پر باقی مہینوں کی تنخواہ 37 ہزار روپے کے حساب سے دی جائے گی جبکہ 10 سال تک سروس پر 15 تنخواہیں (37 ہزار روپے فی تنخواہ)دی جائیں گی۔
10 سے 15 سال سروس پر 28 تنخواہیں ملیں گی۔15 سال سے زائد سروس پر 30 تنخواہیں دی جائیں گی۔2 ہزار 854 ڈیلی ویجرز کو مجموعی طور پر 2 ارب 71 کروڑ 90 لاکھ روپے کا پیکج دیا جائے گا۔تنظیم نو پلان کے تحت پہلے فارغ کیے گئے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین بھی اس پیکج کے اہل ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔