Thursday, September 11, 2025
ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے تاجکستان کے لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر ماہرین پر مشتمل وفد کی ملاقات

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے تاجکستان کے لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر ماہرین پر مشتمل وفد کی ملاقات

اسلام آباد(سب نیوز)تاجکستان کے لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر ماہرین پر مشتمل وفد کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز آمد پر چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے بورڈ ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈی جی انوائرمنٹ اور دیگر سنئیر افسران کے ہمراہ تاجک وفد کا سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خیر مقدم کیا۔تاجک وفد نے اسلام آباد میں کی جانے والی ماحول دوست شجرکاری اور پھولوں سے کی گئی لینڈ سکیپنگ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ تاجک وفد نے اسلام آباد میں ہارٹیکلچر کے شعبے میں سی ڈی اے کی کاوشوں میں عملی تعاون اور رہنمائی فراہم کی۔

اس موقع پر تاجک وفد نے پاکستان بالخصوص سی ڈی اے کی پرخلوص مہمان نوازی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ تاجک وفد نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق اسلام آباد کی خوبصورتی کیلئے ماحول دوست شجرکاری اور لینڈ سکیپنگ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ تاجک ماہرین نے سی ڈی اے حکام کو تاجکستان میں پودوں کی کاشت اور شجرکاری کے حوالے سے اپنے قیمتی تجربات سے آگاہ کیا۔تاجک وفد نے اسلام آباد کے مختلف پارکس اور گرین ایریاز کا دورہ کیا اور شہر کے خوبصورت اور سرسبز و شاداب پارکس کی تعریف کی۔ تاجک وفد نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان دارالحکومت اسلام آباد میں دیدہ زیب لینڈ سکیپنگ اور ماحول دوست شجرکاری سمیت دیگر ہارٹیکلچر ورک سے انتہائی مطمئن ہیں۔واضح رہے تاجک ماہرین نے سی ڈی اے حکام کو پھولوں کی موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے اہم تجاویز دیں اور سلویا کے پھول کو بہترین قرار دیتے ہوئے اسکی کاشت پر زور دیا جسے انہوں نے خود اسلام آباد میں متعارف کرایا ہے۔ تاجک وفد نے اسلام آباد شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے سی ڈی اے کے اقدامات کو سراہا اور مستقبل میں بھی باہمی تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک تاجکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے تاجکستان کی طرف سے اسلام آباد کی ترقی، خوشحالی اور خوبصورتی میں اضافے کیلئے بہتر بنانے میں تاجکستان کے تعاون کے عزم کو سراہا۔ملاقات میں تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے اور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کو سرسبز و شاداب اور گرین ایریاز کو فروغ دینے کیلئے دن رات مصروف عمل ہے اور اسلام آباد کی شہر کی خوبصورتی کیلئے ہر سطح پر بین الاقوامی تعاون کو ترجیحی دی جائے گی۔واضح رہے تاجک وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان شہری خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے حوالے سے تعاون کے نئے دروازے کھولے گا۔ ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے چیئرمین سی ڈی اے نے تاجکستان کے ماہرین کو انکی خدمات پر بطور شکریہ خصوصی طور پر سوونئیرز پیش کئے اور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔