اسلام آباد (سب نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کی صفائی، ستھرائی، اور تزئین و آرائش کے سلسلے میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر پارلیمنٹ سے فارغ کر دیا ہے۔
اسمبلی ذرائع کے مطابق، صفائی کی تمام جینیٹوریل سروسز اب ایک نجی کمپنی کو آؤٹ سورس کر دی گئی ہیں۔ یہ کنٹریکٹ پیپرا قواعد کے تحت شفاف طریقہ کار اپناتے ہوئے اوپن ٹینڈرز کے ذریعے دیا گیا، اور سب سے کم بولی دینے والی کمپنی کو منتخب کیا گیا۔ مذکورہ کمپنی دفتر خارجہ سمیت دیگر اہم قومی اداروں میں بھی صفائی کی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کی مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث سپیکر سردار ایاز صادق نے یہ اقدام اٹھایا۔ ان کے کفایت شعاری پروگرام کے تحت اس فیصلے سے سالانہ 10 کروڑ روپے کی بچت ممکن ہوگی۔ اس کے علاوہ، پارلیمنٹ کی صفائی کے معیار میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔
پچھلے چند دنوں میں درجنوں ٹرک کوڑا کرکٹ پارلیمنٹ کے مختلف کونوں سے ہٹایا گیا ہے، جبکہ لابیز اور گیلریوں میں خوبصورت پھولوں کے گملے رکھے گئے ہیں۔ پارکنگ ایریا کی بھی مکمل صفائی کر دی گئی ہے۔
نجی کمپنی روزانہ کی بنیاد پر جینیٹوریل سروسز مہیا کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان میں سی ڈی اے کی ناقص کارکردگی پر باقاعدہ رولنگ بھی دی تھی۔
ذرائع کے مطابق، سپیکر قومی اسمبلی کے بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے باعث پہلے ہی قومی خزانے کو کروڑوں روپے کی بچت ہو چکی ہے۔