Wednesday, September 10, 2025
ہومبریکنگ نیوزاسرائیلی حملے ریاستی دہشتگردی، بھرپور جواب دیں گے: قطری وزیراعظم کا اعلان

اسرائیلی حملے ریاستی دہشتگردی، بھرپور جواب دیں گے: قطری وزیراعظم کا اعلان


دوحہ: قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا کہ دوحہ پر اسرائیل کے حملے ریاستی دہشتگردی ہیں جس کا بھرپور جواب دیں گے۔

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے اسرائیلی حملے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ اسرائیلی حملے کے جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں، انہوں نے اسرائیل کو پیغام دیا کہ ان کا ملک اس واقعہ کو ہرگز نظر انداز نہیں کرے گا۔

شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا کہ وہ محض بیانات اور مذمتوں سے آگے بڑھ کر ردعمل دینے کے تمام ذرائع بروئے کار لا رہے ہیں اور اس سلسلے میں ایک قانونی ٹیم بھی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جا سکے۔

قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا یقین ہے کہ آج ہم ایک فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئے ہیں اور ایسے بربریت پر مشتمل اقدامات کے خلاف پورے خطے سے جواب آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پورے خطے کو انتشار کی جانب دھکیل رہا ہے اور اسرائیلی وزیراعظم پورےخطے کو افراتفری میں مبتلا کر رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ حملے کا وقت اس اجلاس سے جڑا تھا جس میں حماس کی مذاکراتی ٹیم امریکی تجاویز پر بات کر رہی تھی تاکہ غزہ جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچا جا سکے لیکن اسرائیل نے اس عمل کو سبوتاژ کر دیا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملہ کرکے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی مرکزی قیادت کو نشانہ بنایا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔