کراچی:(آئی پی ایس)
شہر قائد میں شدید بارشوں کے باعث تھڈو ڈیم اوور فلو کر گیا، جس کے بعد سیلابی پانی کا طاقتور ریلا ایم 9 موٹروے تک پہنچ گیا۔
سپر ہائی وے پر واقع الحبیب ریسٹورینٹ کے اطراف سڑک زیر آب آ گئی ہے، جس کی وجہ سے کراچی سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے کراچی دونوں اطراف کی ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے تصدیق کی ہے کہ پانی کی سطح بلند ہو کر موٹروے کے کنارے سے ٹکرا چکی ہے، اور سپر ہائی وے کا بڑا حصہ زیر آب آ گیا ہے۔
اس کے پیشِ نظر ایم 9 کے درمیان موجود کرش بیرئیر کو ہٹا کر پانی کے بہاؤ کا راستہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سپر ہائی کے اطراف کی متعدد رہائشیوں آبادیوں میں سیلابی ریلا داخل ہو گیا ہے اور متعدد مقامات پر 4 تا 5 فٹ پانی جمع ہو گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی نے ریسکیو اور امدادی ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کر دیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق صورتحال کا جائزہ لے کر موٹروے کے درمیانی دیوار کو توڑ کر پانی نکالا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک بحال کی جا سکے۔
گڈاپ ٹاؤن میں واقع تھڈو ڈیم شدید بارشوں کے بعد اوور فلو ہوا جس سے نکلنے والا سیلابی ریلا سعدی ٹاؤن میں داخل ہو گیا۔
مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں سامان اور گاڑیوں کو بچانے کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں