Wednesday, September 10, 2025
ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ، ماحولیاتی بہتری اور کاربن کریڈٹ پروگرام سے متعلق اقدامات پر تفصیلی غور

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ، ماحولیاتی بہتری اور کاربن کریڈٹ پروگرام سے متعلق اقدامات پر تفصیلی غور

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماحولیاتی بہتری اور کاربن کریڈٹ پروگرام سے متعلق اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈی جی انوائرمنٹ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی جبکہ سندھ حکومت کے سابق چیف کنزرویٹر فاریسٹ سندھ حیدر رضا اور انکی ٹیم نے بذریعہ زوم لنک اجلاس میں شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے ماحولیاتی معیار کو بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سی ڈی اے کاربن کریڈٹ جیسے عالمی ماحولیاتی فریم ورک سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کاربن کریڈٹ کے حصول کیلئے سی ڈی اے متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں بنجر زمین کو سرسبز علاقوں میں تبدیل کرنا، گرڈینیا حب نرسری کی اپ گریڈیشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی بہتری، اور 160 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ عالمی معیار کے مطابق دارالحکومت کو پائیدار اور ماحول دوست شہر بنانے میں مدد ملے گی۔چئیرمین سی ڈی اے نے سندھ فاریسٹ ٹیم کے تجربات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے، سندھ حکومت کی ماحولیاتی شعبے میں مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں چیف کنزرویٹر فاریسٹ سندھ کاربن کریڈٹ پروگرام کی پری ڈاکیومینٹیشن کے مرحلے میں تکنیکی معاونت فراہم کرے تاکہ منصوبہ بندی کے مراحل کو تیز اور موثر بنایا جا سکے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پاکستان کے بڑے شہروں کو ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے اور ان سے نمٹنے کیلئے صوبوں اور وفاقی اداروں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی تعاون کے ذریعے پاکستان عالمی سطح پر کاربن کریڈٹ پروگرام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ دونوں ادارے قریبی رابطوں اور موثر کوارڈینیشن کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں تکنیکی ٹیموں کے درمیان ورکنگ میکانزم ترتیب دیا جائے گا تاکہ کاربن کریڈٹ پروگرام میں عملی پیش رفت کو یقینی بنایا جاسکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔