کھٹمنڈو: ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے کے بعد نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی نے استعفی دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیپال میں سوشل میڈیا پر حکومتی پابندی کے خلاف شدید عوامی احتجاج کے بعد سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔
جس کے بعد نیپالی وزیرِ اعظم عہدے سے مستعفی ہو گئے ان کے ایک قریبی ساتھی کے مطابق یہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا جب بدعنوانی کے الزامات پر ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے بعد تین وزرا نے بھی عہدے چھوڑ دیے۔
دارلحکومت کھٹمنڈو میں کرفیو کے باوجود مظاہرے جاری ہیں ، جس کے باعث کھٹمنڈو ایئرپورٹ جزوی طور پر بند کردیا گیا جبکہ پارلیمنٹ، صدر کی رہائش گاہ کے اطراف، وزیر اعظم کے دفتر سمیت کئی اہم علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے پرتشدد مظاہروں کے بعد حکومت نے رات گئے سوشل میڈیا پر عائد پابندی ختم کر دی تھی، تاہم صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی تھی اور نیپالی وزیر داخلہ سمیت 4 وزرا اپنے عہدے سے گزشتہ روز مستعفی ہو گئے تھے۔