Wednesday, September 10, 2025
ہومبریکنگ نیوزشاہ محمود قریشی، یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کا جیل سے خط

شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کا جیل سے خط


اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ نے کوٹ لکھپت جیل سے لکھے اپنے مشترکہ خط میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل سے پیغام دیا ہے کہ اس وقت تمام کام چھوڑ کر سیلاب زدگان کی مدد کی جائے۔

کوٹ لکھپت جیل سے جاری خط میں کہا گیا کہ ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے، حالیہ سیلاب نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں زندگی کو برباد کر دیا ہے، خیبر پختونخوا میں بمشکل حالات پر قابو پایا گیا ہے اور بحالی کا کام جاری ہے۔

خط کے متن کے مطابق پنجاب کے 25 اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر ہیں، بھارت اب بھی جارحیت کی بدترین صورت پیدا کر رہا ہے، بھارت کی نیت جانتے ہوئے بھی وفاقی سطح پر کوئی سد باب نہ کرنا جیتی جنگ ہارنے کے مترادف ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ آج کے دن تک 25 سے 30 لاکھ آبادی بری طرح متاثر ہوئی ہے،
ماہرین کے اندازے کے مطابق اگلے دو روز میں یہ تعداد دگنی ہونے کا اندیشہ ہے، متاثرہ آبادی کے مقابلے میں صرف 60 یا 70 ہزار لوگوں کو محفوظ مقام تک منتقل کیا گیا۔

خط میں کہا گیا کہ انسانی جانوں کو روز بروز نقصان ہو رہا ہے اور مال مویشی بری طرح سیلاب کی نظر ہو گئے، گندم، چاول، مکئی، الو، کپاس اور سبزیوں کی فصلیں تباہ و برباد ہوگئیں، مارکیٹ میں گندم کی بوری دگنی قیمت پر بک رہی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ یہ ساری باتیں پنجاب حکومت کی بدترین کارکردگی ہے، بانی پی ٹی آئی نے جیل سے پیغام دیا ہے کہ اس وقت تمام کام چھوڑ کر سیلاب زدگان کی مدد کی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔