Wednesday, September 10, 2025
ہومبریکنگ نیوزاین او سی کے بغیر پلاٹوں کی فروخت اور تعمیرات کا انکشاف،سی ڈی اے کا بحریہ ٹاؤن کو شوکاز نوٹس جاری،کاپی سب نیوز پر

این او سی کے بغیر پلاٹوں کی فروخت اور تعمیرات کا انکشاف،سی ڈی اے کا بحریہ ٹاؤن کو شوکاز نوٹس جاری،کاپی سب نیوز پر


اسلام آباد:وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے بحریہ ٹاؤن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو اسلام آباد کے زون 5 میں واقع بحریہ ٹاؤن فیز تھری اور فیز فور میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔


سی ڈی اے کی جانب سے 5 ستمبر 2025 کو جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن نے منظور شدہ لے آؤٹ پلان کی شرائط پوری نہیں کیں اور اسکیم کا این او سی حاصل کیے بغیر پلاٹوں کی فروخت اور تعمیرات کا آغاز کیا۔

نوٹس کے مطابق بحریہ ٹاؤن کو 2010 میں سی ڈی اے نے بحریہ ٹاؤن فیز III اور IV کا لے آؤٹ پلان مشروط طور پر منظور کیا تھا، جس کے تحت 2,730 رہائشی پلاٹس سمیت دیگر لینڈ یوز شامل تھے۔


نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ 15 سال گزرنے کے باوجود بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے این او سی کے حصول کے لیے درکار تقاضے پورے نہیں کیے بلکہ غیر قانونی طور پر پلاٹوں کی فروخت اور تعمیرات شروع کر دی گئیں، جو کہ سی ڈی اے آرڈیننس 1960 اور زوننگ ریگولیشن 1992 کی خلاف ورزی ہے۔


سی ڈی اے نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منظور شدہ لے آؤٹ پلان سے انحراف کیا گیا اور متعدد خلاف ورزیاں کی گئیں۔ مزید یہ بھی واضح کیا گیا کہ 15 مئی 2025 کو سی ڈی اے دفتر میں ہونے والی اہم میٹنگ میں بحریہ ٹاؤن کے کسی نمائندے نے شرکت نہیں کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بحریہ ٹاؤن اپنی اسکیمز سے متعلق دیرینہ مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔


سی ڈی اے نے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ سے وضاحت طلب کی ہے اور غیر قانونی تعمیرات و سرگرمیوں پر فوری طور پر کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔