Tuesday, September 9, 2025
ہومپاکستانپنجاب میں سیلابی صورت حال شدت اختیار کرگئی، پنجند اور تریموں پر اونچا سیلاب، بستیاں زیرآب، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ

پنجاب میں سیلابی صورت حال شدت اختیار کرگئی، پنجند اور تریموں پر اونچا سیلاب، بستیاں زیرآب، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ

لاہور (سب نیوز)پنجاب کے مختلف اضلاع میں دریاں کی طغیانی نے صورتحال سنگین کر دی ہے، بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑے جانے کے بعد انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کردیا جبکہ فوج اور سول انتظامیہ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
جلالپور پیروالہ میں خان بیلہ کے قریب مقامی بند ٹوٹنے اور دریائے چناب کے پانی کے تیز بہاو سے 60سے زائد بستیاں زیرآب آگئیں۔ شہریوں کے انخلا کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور مساجد سے اعلانات کے بعد متاثرہ علاقوں میں افراتفری پھیل گئی۔شجاع آباد میں بھی سیلابی ریلا ساتویں روز سے تباہی مچا رہا ہے جبکہ پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
راجن پور میں دریائے سندھ کے کچے کے علاقے زیرِ آب آرہے ہیں اور مظفرگڑھ کے رنگ پور میں ہیڈ تریموں سے آنے والا سیلابی ریلا داخل ہوگیا۔جھنگ میں دریائے چناب کے دوسرے ریلے سے 300سے زائد دیہات متاثر اور تقریبا 2لاکھ 81ہزار ایکڑ کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔بہاولپور اور دیپالپور میں دریائے ستلج کے ریلوں نے بستیوں اور سینکڑوں ایکڑ فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا، جبکہ شرقپور شریف میں دریائے راوی کے ریلے نے کھڑی فصلیں تباہ کر دیں۔ شورکوٹ اور لیاقت پور میں بھی درجنوں دیہات زیر آب ہیں۔
پانی کا بہاو خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ ہیڈ پنجند پر 6لاکھ 9 ہزار کیوسک اور ہیڈ تریموں پر 5 لاکھ 47 ہزار کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے راوی میں بھی سطح بلند ہے اور ہیڈ سدھنائی پر اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ادھر وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے رات گئے تک سیلاب متاثرہ علاقوں کی ورچوئل نگرانی کی اور بتایا کہ اب تک تقریبا 2 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق ریسکیو آپریشنز کی مانیٹرنگ کے لیے تھرمل امیجنگ ڈرونز استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ جانی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔پاور ڈویژن کے مطابق سیلاب سے فیسکو، گیپکو، لیسکو اور میپکو کے متعدد گرڈز اور فیڈرز متاثر ہوئے، تاہم بیشتر کو جزوی یا مکمل طور پر بحال کردیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 9 ستمبر تک پنجاب کے دریاں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ برقرار رہے گا، اس لیے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔