واشنگٹن (آئی پی ایس) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون (Department of Defense) کا نام تبدیل کر کے ”ڈپارٹمنٹ آف وار“ (Department of War) رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ نام مذکورہ ادارے کے پاس دوسری جنگِ عظیم تک تھا، تاہم بعد ازاں حکام نے اس کا نام محکمہ دفاع رکھ دیا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرمپ کا یہ اقدام امریکی فوج کو ری برانڈ کرنے کی ان کی تازہ کوشش ہے۔ اس سے قبل وہ واشنگٹن ڈی سی میں ایک غیر معمولی فوجی پریڈ کی صدارت کر چکے ہیں اور انہوں نے ان فوجی اڈوں کے پرانے نام بھی بحال کر دیے ہیں جنہیں 2020 کی نسلی انصاف کی تحریک کے بعد تبدیل کیا گیا تھا۔
حکم نامے کے فوراً بعد پینٹاگون نے اپنے ہیڈکوارٹر آرلنگٹن (ورجینیا) میں سائن بورڈز تبدیل کردیے ہیں۔ وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے دفتر کے دروازے پر نیا سائن بورڈ ”سیکریٹری آف وار“ اور ان کے نائب اسٹیو فین برگ کے کمرے پر ”ڈپٹی سیکریٹری آف وار“ کے نام سے نصب کردیا گیا ہے۔
پینٹاگون کے نام کی تبدیلی کے ساتھ ہی محکمہ دفاع کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر بھی نام تبدیل کرکے Department of War (محکمہ جنگ) کر دیا گیا ہے۔
تقریبِ دستخط کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ بہت اہم تبدیلی ہے کیونکہ یہ رویے کی بات ہے۔ یہ جیتنے کے بارے میں ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے پیش نظر نیا نام زیادہ موزوں ہے، محکمہ جنگ دنیا کو امریکی قوت کا پیغام دے گا۔
اس حکم کے تحت وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس تبدیلی کو مستقل بنانے کے لیے ضروری قانونی اور انتظامی اقدامات تجویز کریں۔