Monday, September 8, 2025
ہوماسلام آبادسی ڈی اے کے مسیحی ملازمین کو مذہبی فریضے کی ادائیگی کے سلسلے میں ویٹیکن سٹی بھیجوانے کے حوالے سے ای بیلیٹنگ کا انعقاد

سی ڈی اے کے مسیحی ملازمین کو مذہبی فریضے کی ادائیگی کے سلسلے میں ویٹیکن سٹی بھیجوانے کے حوالے سے ای بیلیٹنگ کا انعقاد

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ادارے میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین کو مذہبی فریضے کی ادائیگی کے سلسلے میں ویٹیکن سٹی بھیجوانے کے حوالے سے سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے)اور سی ڈی اے انتظامیہ کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت جمعرات کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ای بیلیٹنگ کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں سی ڈی اے کے ممبر فنانس طاہر نعیم اختر، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین سمیت دیگر عہدیداران اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ادارے کے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں ای بلیٹنگ کے ذریعے پانچ خوش نصیب مسیحی ملازمین کا انتخاب کیا گیا جو رواں برس ویٹیکن سٹی جاکر مذہبی فریضہ کی ادائیگی کرسکیں گے۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر فنانس طاہر نعیم اختر، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے تمام مسیحی ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے منتخب ہونے والے مسیحی ملازمین افراد کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر فنانس طاہر نعیم اختر اور ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا نے سی ڈی اے کے مسیحی ملازمین کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ شہر کی خوبصورتی، صفائی اور ترقی میں انکا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ادارے میں کام کرنے والے تمام مسیحی ملازمین کیلئے بابرکت دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویٹی کن سٹی جانے والے خوش نصیب مسیحی ملازمین وہا ں جاکر جہاں اپنے اور اپنے اہل خانہ کیلئے دعائیں مانگیں گے وہیں اپنے ادارے سی ڈی اے کی ترقی کیلئے نہ صرف خصوصی دعا کریں بلکہ اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور اپنے پیارے وطن پاکستان کو بھی خصوصی دعاوں میں یاد رکھیں۔اس موقع پرسی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے ویٹی کن سٹی بھیجے جانے والے خوش نصیب ملازمین کی کامیاب ای قرعہ اندازی کروانے پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنراسلام آباد محمد علی رندھاوا سمیت تمام بورڈ ممبران کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین ہمیشہ رنگ، نسل اور مذہب سے بالا تر ہو کر ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جہاں مسلم ملازمین کو حج کی سعادت حاصل کروانے کیلئے اقدامات کئے وہیں اپنے مسیحی ملازمین کو انکے مذہبی تہواروں پر بونس الانسز دلوائے اور اب ویٹی کن سٹی بھیجنے کی منظوری حاصل کی۔ انہوں نے کہا سی ڈی اے مزدور یونین نے مسیحی ملازمین کے الانسز میں اضافہ اور دیگر فلاحی اقدامات بھی یقینی بنائے ہیں جو بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔