Wednesday, October 22, 2025
ہوماسلام آبادسی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام عید میلادالنبی کا عظیم الشان جلوس 6ستمبر کو برآمد ہوگا

سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام عید میلادالنبی کا عظیم الشان جلوس 6ستمبر کو برآمد ہوگا

اسلام آباد(سب نیوز)سی ڈی اے مزدور یونین اور بارہ رکنی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام پندرہ سوواں جشنِ عید میلادالنبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر ایک عظیم الشان جلوس بروز ہفتہ 6 ستمبر صبح 10 بجے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین کی رہائش گاہ مکان نمبر 444-C سیکٹرG-6/1-2 سے شروع ہو کر بھٹوگرانڈ سیکٹرجی سیون پہنچے گا۔

جلوس کی قیادت معروف روحانی شخصیت پیر بدرعالم جان سجادہ نشین آستانہ عالیہ خیریہ مرشد آباد شریف پشاورکریں گے۔جلوس میں تاحیات چیئرمین مرکزی میلادکمیٹی پیر سید محمد علی واسطی،پیرعبید احمد عبید نقشبندی،مولانا عبدالغنی نقشبندی،مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین،علامہ پیر وحید احمدشاہ،علامہ ڈاکٹرمیاں عبدالقادرسکندری،علامہ سید محمد جہانگیرشاہ سعیدی،صاحبزادہ حسیب احمد نظیری،قاری املاک حسین چشتی سمیت علما کرام، مشائخ عظام، مذہبی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان سمیت ہزاروں عاشقانِ رسول شرکت کریں گے۔

بعدازاں جلوس نمازِ ظہر کے بعد بھٹو گرانڈسے ہوتا ہوا الحبیب مارکیٹ، میلوڈی مارکیٹ کے راستے سے گزرتا ہوا سخی محمود بادشاہ دربار پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے اختتام پر اجتماعی دعا ہوگی جس میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اس موقع پر عاشقانِ رسول میں لنگر تقسیم کیا جائے گا جبکہ نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل بھی منعقد ہوں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔