Monday, October 20, 2025
ہومبریکنگ نیوزاسحاق ڈار او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

اسحاق ڈار او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

اسلام آباد (آئی پی ایس) نائب وزیرِ اعظم، وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار مملکتِ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل (سی ایف ایم) کے 21ویں غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کریں گے، جو آج جدہ میں او آئی سی سیکریٹریٹ میں منعقد ہو رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ کا استقبال کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر پاکستان کے مستقل نمائندہ برائے او آئی سی، سفیر فواد شیر، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، احمد فاروق، اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل، خالد مجید نے کیا۔

یہ غیرمعمولی اجلاس او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور سینئر حکام کو یکجا کرے گا، تاکہ فلسطین کی صورتحال پر مربوط ردعمل پر غور کیا جا سکے، جو کہ جاری اسرائیلی فوجی جارحیت، غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کے مجوزہ منصوبوں، اور فلسطینی عوام کے حقوق کی مسلسل سنگین پامالیوں کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہے۔

پاکستان، جو ہمیشہ فلسطینی عوام کا بھرپور حامی رہا ہے، اس اجلاس میں اپنے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے اسرائیل سے تمام مقبوضہ علاقوں سے مکمل انخلا، غزہ پر فوجی کنٹرول کے منصوبے کی واضح مخالفت اور فوری و بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کرے گا۔

وزیرِ خارجہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی پر بھی زور دیں گے، جن میں 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

او آئی سی اجلاس کے موقع پر اسحٰق ڈار کی اہم رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔