اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات میں سی پیک فیز ٹو پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کلیدی منصوبہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے اعلی سطح وفد کے ہمراہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیراعظم ہاس ملاقات کی، ملاقات میں نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔اس موقع پر شہباز شریف نے چین کی پاکستان کے ساتھ مستقل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، چین کے بنیادی مسائل پر غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے پاک چین تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاک-چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔اس سے قبل، چینی وزیر خارجہ نے ایوان صدر میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی، آزمودہ دوست اور ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں جب کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جسے ملک میں عوام، سیاست اور ادارہ جاتی سطح پر مکمل حمایت حاصل ہے۔انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی ترقی اور مسئلہ جموں و کشمیر پر چین کی اصولی اور منصفانہ حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، سی پیک فیز ٹو پر اطمینان کا اظہار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔