Monday, September 1, 2025
ہومبریکنگ نیوزسی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کی سزا معطل

سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کی سزا معطل

کراچی (آئی پی ایس) سندھ ہائیکورٹ نے مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ عارضی طور پر معطل کردیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے 8 اگست کو جواب طلب کرلیا۔

خاتون کو ہراساں کرنے کے کیس میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کی سزا معطل کردی گئی، سندھ ہائیکورٹ نے عہدے سے ہٹانے کے فیصلے پر عملدرآمد عارضی طور پر روک دیا۔

سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے صوبائی محتسب کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، عدالت نے استفسار کیا کہ صوبائی محتسب کا قانون کہاں ہے؟، فیصلے میں کیا غلط ہے؟۔

مونس علوی کے وکیل نے بتایا کہ سندھ میں وفاقی قانون لاگو ہوتا ہے، لیکن صوبائی محتسب بنایا ہوا ہے، کے الیکٹرک بین الصوبائی کمپنی ہے، جو کراچی سمیت لسبیلہ حب اور وندر کو بجلی فراہم کرتی ہے۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی محتسب کو کیس کی سماعت کا اختیار ہے، صوبائی محتسب کو نہیں، مونس علوی کو دی گئی سزا غیرقانونی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ یہ وفاقی محتسب کا کیس ہے؟۔ سندھ ہائیکورٹ نے مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ عارضی طور پر معطل کرکے جرمانے کے 25 لاکھ روپے ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے صوبائی محتسب، شکایت کنندہ خاتون سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے 8 اگست تک جواب طلب کرلیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔