اسلام آباد (سب نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے سابق گورنر پنجاب اور تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میاں اظہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ میاں اظہر کے انتقال کی خبر دل رنجیدہ اور غمزدہ کرنے والی ہے۔ وہ نہ صرف تحریک انصاف کا قیمتی اثاثہ تھے بلکہ پاکستان کی سیاست میں بھی ایک موثر اور نمایاں مقام رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ میاں اظہر کے بعد پیدا ہونے والا سیاسی خلا آسانی سے پر نہیں کیا جا سکے گا۔اپوزیشن لیڈر نے میاں اظہر کے صاحبزادے حماد اظہر اور ان کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
میاں اظہر کا سیاسی کردار پاکستان کی سیاست میں ایک نمایاں اور موثر مقام رکھتا ہے۔ ان کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف قومی سیاست میں اہم کردار ادا کیا بلکہ مختلف ادوار میں کئی اہم سیاسی اور انتظامی ذمہ داریاں بھی نبھائیںمیاں اظہر ایک اصول پسند، باوقار اور وضع دار سیاستدان کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کا انداز گفتگو متوازن اور سیاسی فہم و فراست پر مبنی ہوتا تھا۔ وہ ہمیشہ ملکی مفاد کو مقدم رکھتے تھے ۔آخر میں عمر ایوب خان نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔