راولپنڈی(آئی پی ایس) راولپنڈی میں 90 سے زائد بوسیدہ اور خستہ حال عمارتوں کو خطرناک قرار دیدیا گیا۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر میں کئی عمارتوں کو بوسیدہ اور خستہ حالت ہونےکی وجہ سے انہیں خطرناک قرار دیتے ہوئے فوری خالی کرانے کا حکم دیا ہے۔
اس سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن نے باقاعدہ خستہ حال عمارتوں کے مالکان کو انخلاء کے نوٹسز بھی جاری کردیے ہیں۔
نوٹس کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث بوسیدہ عمارتیں کسی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتی ہیں، خطرناک بوسیدہ عمارتوں کی مرمت کروائی جائے یا انہیں گرایا جائے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں مکینوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔