کراچی(آئی پی ایس) سندھ حکومت نے کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں عمارت گرنے کے سانحے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے سربراہ کو معطل کرتے ہوئے جاں بحق 27 افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر بلدیات سعید غنی اور وزیر داخلہ ضیاء لنجار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیاری بلڈنگ سانحہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، اس کیخلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی ایس بی سی اے کو معطل کر دیا ہے، مراد علی شاہ نے وزیر داخلہ کو فوری طور پر ایف آئی آر کاٹ کر ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ 27 جانوں کے ضیاع پر سب غمزدہ ہیں، دکھ کی گھڑی میں لیاری کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے کمشنر کراچی کو کمیٹی میں شامل کیا ہے اور 2 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جس کی سفارشات پر بے رحم آپریشن کیا جائے گا۔