اسلام آباد (سب نیوز)تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے سعودی سفارت خانے میں ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک مذہب، اخوت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سابق اسپیکر نے حجاج کرام کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے خادم الحرمین الشریفین کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 اور قیادت کو سراہا، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی تیز رفتار ترقی شہزادہ محمد بن سلمان کی موثر قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔