اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے وژن ،چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی قیادت اور قائمام چیرمین سی ڈی اے طلعت محمود کی سربراہی میں، سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اینڈ کلچر نے اسلام آباد میں 5 پریمیم پیڈل ٹینس سائٹس کی کامیاب نیلامی کرکے 7.6 ملین روپے ماہانہ کی ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے۔
نیلامی کا عمل شفافیت اور اوپن مقابلے کے سخت اصولوں کے تحت سر انجام دیا گیا، جس نے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری میں کافی دلچسپی پیدا کی۔ ہر سائٹ سے حاصل ہونے والی ماہانہ لیز کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
- سیکٹر ایف ایٹ: 21 لاکھ روپے ماہانہ
- سیکٹر جی فائیو: 21 لاکھ روپے ماہانہ
- سیکٹر ایف-نائن: 14.5 لاکھ روپے ماہانہ
- سیکٹر جی-الیون: 11 لاکھ روپے ماہانہ
- سیکٹر جی-ایٹ: 9 لاکھ روپے ماہانہ
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور قائمقام چیرمین طلعت محمود نے کامیاب اکشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیاب نیلامی وزیر داخلہ کے ویثرن اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں سی ڈی اے ٹیم کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے اعلیٰ کھیلوں کی سہولیات کی بہترین مارکیٹ ویلیو ایک مکمل شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے حاصل کی ہے، جو شہریوں کے فائدے کیلئے عوامی وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے ہمارے بنیادی مقصد کی تکمیل کرتا ہے۔ 7.6 ملین روپے کی ماہانہ آمدنی کو شہر بھر میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور تفریحی سہولیات کی مزید ترقی میں دوبارہ سرمایہ کاری کی جائے گی۔
قائمقام چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ اقدام پیڈل ٹینس جیسے معیاری کھیلوں کی سہولیات میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ذریعے شہریوں میں صحت مند اور متحرک طرز زندگی کو فروغ دینے کے وسیع تر ویژن کے عین مطابق ہے، جو پاکستان میں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔
ان سائٹس کی کامیاب نیلامی سی ڈی اے کے مؤثر اثاثہ جات کے بہتر انتظام اور عوامی بہبود کے منصوبوں کیلئے پائیدار آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے، جبکہ یہ معاشرے کو دستیاب جدید کھیلوں کی سہولیات اور بہتر مواقع پیدا کرتی ہے۔