Saturday, March 14, 2026
ہومپاکستانچالیس ارب کا میگا اسکینڈل، نیب نے پی ٹی آئی کی 2سیاسی شخصیات کو بڑی ٹرانزیکشنز کا پتہ لگالیا

چالیس ارب کا میگا اسکینڈل، نیب نے پی ٹی آئی کی 2سیاسی شخصیات کو بڑی ٹرانزیکشنز کا پتہ لگالیا

اسلام آباد(سب نیوز) خیبر پختونخوا حکومت کے ایک سینئر عہدیدار اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما 40ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں نیب کی تحقیقات کی زد میں ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے سرکاری اکاونٹس سے پاکستان تحریک انصاف کے دو سینئر رہنماوں کو کروڑوں روپے کی دو ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے ایک اکاونٹ خیبر پختونخوا حکومت کے ایک اعلی عہدیدار کے خاندان کا ہے۔ نیب نے پتہ لگایا کہ 40ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل سے منسلک بینک اکاونٹس سے مہنگی جائیدادیں خریدنے کے لئے دو بڑی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ذرائع نے بتایا کہ ایک جائیداد ہزارہ ریجن سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما سے خریدی گئی تھی جبکہ دوسری جائیداد کی ادائیگی جنوبی خیبر پختونخوا کے ایک بڑے شہر میں واقع تھی جو اس میگا فراڈ سے منسلک ایک اور بینک اکاونٹ سے کی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق، یہ خاص جائیداد پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے خیبر پختونخوا کے ایک بہت اہم آئینی عوامی عہدیدار کے خاندان کے قبضے میں ہے۔یہ دو بڑی کروڑوں روپے کی ادائیگیاں ان اکاونٹس سے کی گئیں جن میں چوری شدہ رقم خیبر پختونخوا کے سرکاری اکاونٹس سے منتقل کی گئی تھی۔ نیب اس میگا سکینڈل کے تمام پہلووں کی تحقیقات کر رہا ہے جس نے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ معاملے کا تعلق نگران حکومت سے ہے، سیاسی وابستگی کوئی بھی ہو قانون اپنا راستہ اپنائیگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔