اسلام آباد (سب نیوز)حکومت نے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024 قومی اسمبلی سے منظور کرانے کی کوشش کی تاہم اپوزیشن کے کورم کی نشاندہی کی وجہ سے کوشش ناکام ہوگئی۔
ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں ترمیم کے لیے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024 پیش کیا۔بل پیش کرنے کی تحریک پر پاکستان تحریک انصاف نے اعتراض اٹھایا، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے ایوان میں گنتی کروائی۔ حکومت کے 67 اور اپوزیشن کے 32 ارکان کی موجودگی پر تحریک منظور کر لی گئی۔قومی اسمبلی میں حکومت کی طرف سے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024 منظور کرانے کی کوشش کی گئی تو اس موقع پر اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کردی۔
اپوزیشن کی جانب سے بروقت نشاندہی پر کورم کی رکاوٹ سامنے آگئی اور انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024پر اپوزیشن نے تحریک کی منظوری کے لیے گنتی چیلنج کردی۔شق وار منظوری کے دوران پیپلز پارٹی کے رکن نوید قمر نے اعتراض اٹھایا کہ اجلاس سے قبل ہاس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں طے ہوا تھا کہ اس اجلاس میں کوئی قانون سازی نہیں کی جائے گی۔پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر نے بھی اس موقف کی حمایت کی اور کہا کہ کمیٹی میں پاک بھارت کشیدگی اور قومی سلامتی پر بحث کا فیصلہ ہوا تھا، قانون سازی نہیں۔
اسی دوران عامر ڈوگر نے کورم کی نشاندہی کر دی، ایوان میں دوبارہ گنتی کے بعد ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر اجلاس میں وقفہ کیا گیا تاہم وقفے کے بعد بھی کورم مکمل نہ ہونے پر اجلاس جمعہ کی صبح تک ملتوی کر دیا گیا۔
حکومت کی انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024منظور کرانے کی کوشش ناکام
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔