اسلام آباد(آئی پی ایس) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں شروع ہو گیا۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، خصوصاً بھارت کے حالیہ حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، مشیر قومی سلامتی، وفاقی وزراء خواجہ آصف، محسن نقوی، عطا تارڑ، اور اعظم نذیر تارڑ شریک ہیں۔ اس کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کمیٹی کو پاک بھارت کشیدہ صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر حالیہ پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق اقدامات اور دفاعی حکمت عملی پر بھی مشاورت متوقع ہے۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بھارتی جارحیت کے باعث خطے میں صورتحال انتہائی حساس ہو چکی ہے، اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت مشترکہ حکمت عملی کے تحت فیصلے کر رہی ہے تاکہ ملکی دفاع کو ہر ممکن مضبوط بنایا جا سکے۔
