اسلام آباد (سب نیوز)
روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے 45 رکنی سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے وفد کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔
روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت رواں سال پاکستان سے مجموعی طور پر 50 ہزار 500 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ ان میں سے 28 ہزار عازمین اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جبکہ 22 ہزار 500 عازمین کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کریں گے۔
پروجیکٹ کے تحت اسلام آباد سے 100 اور کراچی سے 80 خصوصی پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ عازمین حج کی سہولت کیلئے اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے، جہاں ان کا امیگریشن عمل پاکستان میں ہی مکمل کیا جائے گا، تاکہ سعودی عرب پہنچنے پر انہیں کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔
روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا مقصد عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کرتے ہوئے ان کے سفر کو آسان اور آرام دہ بنانا ہے۔ سعودی وفد نے اپنے دورے کے دوران ایئرپورٹس پر کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور پاکستانی حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔
