اسلام آباد: پاکستان کو معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے لیے خطے کا نیا تجارتی اور معاشی مرکز قراردینے کے لیے اسلام آباد میں 2 روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا آغاز آج سے ہونے جارہا ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر خصوصی شرکت کریں گے۔ ایونٹ میں کئی ممالک کی منرلز کمپنیوں کے ساتھ معاہدے متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سرمایہ کاری کے فروغ کا عزم لیے حکومت ایس آئی ایف سی کی معاونت سے معدنیات کے شعبے میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے انعقاد کے ذریعے معاشی استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔
حکومت معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا 8 تا 9 اپریل تک انعقاد کررہی ہے، جو جناح کنونشن سنٹر میں ہوگا۔
اس فورم کے دوران تمام مہمانان پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ساتھ رابطے استوار کریں گے اور مختلف کاروباری امکانات پر یادداشتوں پر دستخط بھی کریں گے۔
اس تقریب کا مقصد سرمایہ کاری کو متحرک کرنا، پالیسی ایکشن کو آگے بڑھانا، جدت طرازی کی نمائش اور معدنی ترقی میں طاقتور شراکت داری قائم کرنا ہے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی انتھک کوششوں کی وجہ سے پاکستان نے گزشتہ 2 سالوں میں خاص طور پر معدنیات کے شعبے میں مستحکم اقتصادی ترقی دیکھی ہے۔
یہ ایک حوصلہ افزا امر ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے جو ملک کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تصدیق کرتا ہے۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر رحمان نے کہا کہ اگر شمال سے جنوب تک پاکستان کے معدنی وسائل کا تذکرہ کیا جائے تو پاکستان کے پاس اتنے وسائل ہیں کہ وقت کم پڑ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پوری پوری معدنیاتی بیلٹس موجود ہیں لیکن پاکستان میں اس وقت اگر دیکھا جائے تو معدنیات کے حوالے سے 3 بڑے منصوبے کام کر رہے ہیں جن میں ایک سینڈک منصوبہ ہے دوسرا دودر کے علاقے میں پارہ اور زنک کا منصوبہ ہے اور پھر مومند خیل میں ہمارا تانبے کا منصوبہ ہے اور باقی انڈسٹریل میٹل کے منصوبے ہیں۔