Wednesday, February 5, 2025
ہومپاکستانبانی پی ٹی آئی نے باہر آکر مہم چلائی تو حکومت نہیں ٹھہر سکے گی،فواد چوہدری

بانی پی ٹی آئی نے باہر آکر مہم چلائی تو حکومت نہیں ٹھہر سکے گی،فواد چوہدری


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اگر باہر آئے اور مہم چلائی تو حکومت نہیں ٹھہر سکے گی۔
نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطلب ہی یہی ہے کہ نئے الیکشن ہوں گے، عمران خان اگر باہر آئے اور مہم چلائی تو حکومت نہیں ٹھہر سکے گی، پی ٹی آئی کو اس وقت ان کی رہائی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی رہا ہوگئے تو پارٹی کے باقی کام وہ خود کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت پس پردہ بات چیت کے نتائج میں ہی ساتھ بیٹھے ہیں، سمجھ نہیں آرہا پی ٹی آئی اپوزیشن کو اکٹھا کرنے میں کیوں ناکام ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مذاکرات کے لیے اس وقت پی ٹی آئی کا کوئی دباؤ نہیں، جب پی ٹی آئی دباؤ بناتی ہے تو اس وقت مذاکرات نہیں کرتی، پی ٹی آئی کا اس وقت المیہ یہی ہے کہ وہ اپوزیشن میں اکیلی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آٗئی کو مسائل ہیں، پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں سے بھی لڑ رہی ہے، جنوری کے بعد حکومت پر عالمی دباؤ نہ آیا تو وہ نہیں جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مذاکراتی عمل سے کوئی امید نہیں تھی، بیرسٹر گوہر اور دیگر نے مذاکرات کا کہا تو بانی نے حامی بھرلی، حکومت پر بین الاقوامی دباؤ موجود ہے اور بڑھ بھی رہا ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت اتنی کمزور ہے کہ بانی کی تصویر وائرل ہوئی تو عدالتی عملہ معطل کردیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔