واشنگٹن: نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ 6 جنوری 2021 کو کیپیٹل ہل میں ہونے والے فسادات میں سزا پانے والے ملزمان کے لیے معافی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور اہم معافیوں کا اعلان کریں گے۔
یاد رہے کہ 6 جنوری 2021 کو ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد نے کیپیٹل ہل میں سیکیورٹی حصار توڑ کر پولیس افسران پر تشدد کرتے ہوئے اس وقت کانگریس پر دھاوا بولا تھا جب وہاں اجلاس جاری تھا۔
اس اجلاس میں نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی انتخابات میں کامیابی کی توثیق ہورہی تھی۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار اپنے حامیوں کے سامنے 3 نومبر 2020 میں ہونے والے امریکی انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا تھا جس میں انہیں شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنے حامیوں کو واشنگٹن کی طرف مارچ کرنے پر بھی اکسایا تھا۔
اس حملے میں 5 افراد کی موت واقع ہوئی تھی جن میں ایک پولیس اہلکار جبکہ 4 ٹرمپ کے حامی شامل تھے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق اس حملہ میں 140 کے قریب پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ اس ہنگامہ آرائی کے بعد ہونے والی گرفتاریوں میں 484 افراد پر فرد جرم عائد کردی گئی تھی۔