Wednesday, February 5, 2025
ہومتازہ ترینکرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ میں ملوث 2 افراد گرفتار

کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ میں ملوث 2 افراد گرفتار

کرم میں گزشتہ ہفتے پاڑہ چنار جانے والے قافلے کی قیادت کرنے والے ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ میں ملوث 2 شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ان شرپسندوں کی گرفتاری ضلع کرم سے ہی عمل میں لائی گئی جس کے بعد انہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ اس واقعے میں ملوث دوسرے ملزمان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دوسری طرف ہفتے کے روز پاڑہ چنار جانے والے قافلے پر بگن کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے کی ایف آئی آر سی ٹی ڈی تھانہ پشاور میں درج کردی گئی ہے جس میں 30 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

بگن واقعے کے حوالے سے چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا کی قیاد ت میں کے پی کے کی اعلیٰ انتظامیہ کا اجلاس بھی کوہاٹ میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے، کُرم امن معاہدے پردستخط کرنے والے مشران کوامن معاہدے کے نفاذ کے حوالے سے جوابدہ بنایا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 4 جنوری 2025 کے حملے کے تمام مجرموں اوراس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو ایف آئی آر میں نامزد کیا جائے گا۔ ان کے خلاف انسداد دہشتگردی کے مقدمے درج کیے جائیں گے اورضابطہ کی کارروائی کرکے گرفتاری کے ساتھ ساتھ شیڈول4 میں بھی شامل کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مجرموں کے حوالے نہ کرنے تک جائے وقوعہ والے علاقے میں ہر قسم کے معاوضے اورامداد کو روک دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وہ سرکاری ملازمین جوفرقہ وارانہ انتشارکی پشت پناہی کررہے ہیں اُن کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگرامن وامان کی پاسداری نہ کی گئی تو امن کوخراب کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اگر 4 جنوری کے واقعہ میں ملوث افراد کوحکومت کے حوالے نہ کیا گیا تو وقوعہ والے علاقے میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق غذائی اجناس کے قافلے کی نقل وحمل جلد کی جائے گی، ضلع کرم میں دفعہ 144 نافذ ہوگی اور قافلوں کی آمدورفت کے دوران سڑکوں پرکرفیو ہوگا۔ اسلحہ رکھنے والا کوئی بھی شخص دہشت گرد تصورکیا جائے گا۔

مجرموں کے حوالے کرنے کے سلسلے میں مزید خلاف ورزی، عدم تعاون کی صورت میں، کلیئرنس آپریشن کے لیے ضرورت پڑنے پروقوعہ کے مقام کی آبادی کوعارضی طور پرمنتقل کیا جائے گا ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔