اسلام آباد(آئی پی ایس )ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے 0.26 فیصد کمی واقع ہوگئی۔ سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح 5.08 فیصد سے کم ہوکر3.97 فیصد ہوگئی، حالیہ ہفتے میں 18 اشیا مہنگی اور 10 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں، ایک ہفتے میں ٹماٹر 13 فیصد سستے ہوئے، چکن 10.28 فیصد، پیاز 4.9 فیصد، کیلا 1.68 فیصد مہنگا ہوگیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جمعہ کو مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 44 ہزار 176 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والا طبقہ متاثر ہوا اس طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 4.15 فیصد اضافہ ہوا۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 4.93 فیصد، چکن کی قیمتوں میں 10.28 فیصد، چینی کی قیمت میں 0.95 فیصد، گڑ کی قیمتوں میں 0.58 فیصد، کیلے کی قیمتوں میں 1.68 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 1.08 فیصد، ڈیزل کی قیمتوں میں 1.18 فیصد، پٹرول کی قیمتوں میں0.21 فیصد، جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں 0.55 فیصد اورگھی کی قیمتوں میں0.28 فیصد اضافہ ہوا۔