اسلام آباد(آئی پی ایس ) امریکی حکومت نے جان بچانے والی انسداد کووڈ ویکسین کی تیس لاکھ خوراکوں پر مشتمل کھیپ پاکستانی عوام میں تقسیم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے حوالے کردی ۔ ٹیکوں کی یہ کھیپ کوویکساور یونیسیف کے اشتراک سے پہنچائی گئی ہیں۔یہ عطیہ امریکہ کی جانب سے کرونا وائرس وبا کے خاتمہ کے لیے محفوظ اور موثر ویکسین تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے مقصد کے تحت دنیا بھر میں آٹھ کروڑ ٹیکوں کی تقسیم کے سلسلہ کی کڑی ہے جیسا کہ صدر بائیڈن کہہ چکے ہیں کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ بیرونی ممالک میں انسداد کرونا وائرس ٹیکوں کی فوری ترسیل یقینی بنانے کے لیے اتنا ہی پرعزم ہے جتنا وہ اپنے عوام کے لیے فکرمند ہے۔اس موقع پرایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجیلا ایگلر نے کہا کہ ہم اس لیے اکھٹے ہوئے ہیں کیونکہ ہمسب سے زیادہ ضرورتمند آبادیوں تک کووڈ ویکسین کی رسائی ممکن بنانے کے مشترکہ مقصدپر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی یہ تیس لاکھ خوراکیں ان پچیس لاکھ ٹیکوں کے علاوہ ہیں جو اس مہینے کے اوائل میں امریکہ نے پاکستانی عوام کو دیئے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکے جوامریکہ کی اپنی داخلی فراہمی سے حاصل کیئے گئے ہیں امریکی صدر بائیڈن اور امریکی مشن کے ان وعدوں کی پاسداری کے عکاس ہیںکہ ہم کووڈ وبا کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ پاکستانی حکام کی جانب سے موڈرنا ویکسین کی حوالگی کی تقریب میں کہا گیا کہ ہم امریکی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ اس وبا کے مشکل دور میں پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔ پاکستان کی حکومت وبا کے تدارک اور پھیلاو کو روکنے کے لئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ کورونا کی چوتھی لہر پر قابو پایا جا سکے۔ واضح رہے کہ امریکی حکومت نے حکومت پاکستان کے ساتھ اشتراک کار کے تحت پانچ کروڑ ڈالر کووڈ کے سدِباب کے لیے بطور امداد دیئے ہیں۔ وبا کے آغاز سے لیکر ہی امریکہ نے بیماری کی روک تھام اور قابو پانے، مریضوں کی نگہداشت میں بہتری، لیبارٹری تشخیص میں وسعت، مرض کی نگرانی، تمام اضلاع میں متاثرین کی جانچ پڑتال اور صفِ اول کے صحت کارکنوں کی مدد کی خاطر حکومت پاکستان کے ساتھ مِل جل کر اقدامات اٹھائے ہیں۔ رواں ماہ کے اوائل میں امریکی حکومت نے پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی پچیس لاکھ خوراکیں فراہم کی تھیں، لہذا امریکہ کی اپنی ویکسین فراہمی میں سے مجموعی عطیہ کردہ خوراکوں کی تعدادپچپن لاکھ ہو گئی ہے۔
امریکہ کا پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی30 لاکھ اضافی خوراکوں کا عطیہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
