Friday, February 27, 2026
ہومپاکستانای الیون میں ماں بچے کی ہلاکت کے ذمہ داران پر 302 کا مقدمہ درج ہوگا،علی نوازاعوان

ای الیون میں ماں بچے کی ہلاکت کے ذمہ داران پر 302 کا مقدمہ درج ہوگا،علی نوازاعوان

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم کے معاونِ برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں ماں اور بچے کی ہلاکت پر ذمہ داران کے خلاف 302 کی ایف آئی آر درج ہوگی، واقعہ کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں گی اور غیر قانونی قبضے ختم کروا کر نالوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر ای الیون کے دورے کے دوران کیا ۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے اس افسوس ناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے ماں اور بچے کے گھر جا کر لواحقین سے تعزیت بھی کی اور انہیں یقین دلایا کہ بارش کے باعث نالوں کا پانی روکنے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا اور جس بھی محکمے یا ہاؤسنگ سوسائٹی کے افراد اس کے ذمہ دار ہوئے ان کے خلاف قتل کی ایف آئی آر حکومت درج کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس افسوسناک واقعہ کو ہونے سے نہیں روک سکے تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں، علی نواز اعوان نے کہا کہ ہم ای الیون کے تمام نالے ان کی اصل حالت میں بحال کریں گے اور ناجائز قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔