اسلام آ باد (آئی پی ایس )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی حالیہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں روزگار کے مواقع بھی بڑھے ہیں۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا جبکہ ملک میں کاروبار کرنے کے لئے ماحول میں بہتری آئی ہے اور اس حوالے سے پاکستان کے بارے میں عالمی سوچ منفی 10 فیصد سے نکل کر 31 فیصد مثبت پر آگئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں، مینو فیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ 2 فیصد سے 6 فیصد پر آگئی جبکہ سروسز سیکٹر کی گروتھ 7 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد ہو گئی ہے جو کہ ایک نمایاں کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیمنٹ، آٹو سیکٹر، فرٹیلائزرز اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، یہ نتائج عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رپورٹ اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزا اور قابل اعتماد منزل ہے گزشتہ چند ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات اور ریکارڈ ترسیلات زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ترجیح ہے، حکومتی کی بہتر معاشی پالیسیوں اور معاشی ٹیم کی محنت کے ثمرات ملنے شروع ہو گئے ہیں۔