Wednesday, February 5, 2025
ہومپاکستاننواز شریف کی وزیراعظم کو مدارس بل پر فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت

نواز شریف کی وزیراعظم کو مدارس بل پر فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی قائد نواز شریف سے جاتی امرا میں اہم ملاقات کی ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وزیراعظم کو ملکی معاشی صورتحال میں بہتری، خصوصا اسٹاک ایکسچنج میں نیا ریکارڈ بنانے پر مبارکباد دی، جبکہ وزیراعظم نے نواز شریف کو ایس آئی ایف سی کے تناظر میں بیرونی سرمایہ کاری میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔دوران ملاقات ملک کی مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں 26 نومبر کے واقعات اور سول نافرمانی کی ممکنہ کال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نوازشریف اور وزیراعظم کے درمیان اتفاق ہوا کہ ملکی سلامتی اورقومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا، ملکی ترقی کی راہ میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دے جائے گی۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے وزیراعظم کو ہدایت کی ہے کہ مدارس بل پر مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کئے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو مدارس بل پر بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔دونوں رہنماوں نے ملکی معاملات پر اتحادیوں سے مشاورت اور انہیں اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم نے سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی سے بھی آگاہ کیا۔ نواز شریف اور وزیراعظم نے پاک افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ملاقات کے بعد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف جاتی امرا سے واپس روانہ ہوگئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔