Friday, December 27, 2024
ہومپاکستانوزیر خزانہ کا اشیا کی قیمتوں میں کمی کیلئے مڈل مین کیخلاف کریک ڈاون کا اعلان

وزیر خزانہ کا اشیا کی قیمتوں میں کمی کیلئے مڈل مین کیخلاف کریک ڈاون کا اعلان

کراچی(آئی پی ایس )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور مڈل مین کے خلاف کریک ڈاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں دالوں، اجناس، پولٹری اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے لیکن مقامی مارکیٹ میں ان اشیا کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہورہی ہے۔

ہفتے کو اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ اگلے ماہ ای سی سی میں مہنگائی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوگا، قیمتوں میں کمی سے متعلق اب حکومت سخت فیصلے کرے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس نہیں لگایا جارہا ہے، دھرنوں اور اسلام آباد پر چڑھائی سے ملک کو یومیہ 190ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے بھی یومیہ 2ارب 20کروڑ روپے کا نقصان پہنچارہے ہیں جو گزشتہ 10سال میں 6ہزار ارب روپے کا نقصان پہنچا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے سخت اقدامات کی بدولت اسمگلنگ میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے اور حکومت اس ضمن میں مزید سخت اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اوورسیز انویسٹرز کو منافع کی ترسیل میں کوئی مشکلات نہیں ہیں۔

اوورسیز انویسٹرز 2ماہ میں 2ارب 20کروڑ ڈالر کا منافع اپنے اپنے ممالک کو بھیج چکے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اوورسیز انویسٹرز ملک کے متعدد شعبوں کے علاوہ نجکاری میں بھی ہماری مدد کریں گے۔ متعدد ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔ زرعی ٹیکس لارہے ہیں، سیلز ٹیکس کی تمام لیکیجز کو ختم کررہے ہیں۔ ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا۔ کرنسی مارکیٹ اور پالیسی ریٹ کی ذمہ داری اسٹیٹ بینک پر ہے ہم صرف رائے دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح گھٹنے کے باوجود عوام کو اب بھی فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 30ارب 50کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر آئی تھیں، رواں مالی سال کے ابتدائی 4ماہ میں ترسیلات کی نمو بہتر رہی ہے اور موجودہ نمو برقرار رہی تو رواں سال ترسیلات زر 35ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔