Thursday, December 26, 2024
ہومتازہ ترینلبنان میں اسرائیلی فوج کے ایک دن میں 145حملے، حزب اللہ کے ترجمان شہید

لبنان میں اسرائیلی فوج کے ایک دن میں 145حملے، حزب اللہ کے ترجمان شہید

بیروت (آئی پی ایس )اسرائیل نے لبنان میں جارحیت کی انتہا کردی، ایک دن میں 145 حملے کیے گئے،اسرائیلی فورسز نے داحیہ میں شہریوں کو نشانہ بنایا، شہری دفاع کے مرکز پر حملے میں شہید ہونے والے لبنانیوں کو سپردِ خاک کردیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے حملوں میں حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف شہید ہوگئے۔ بیروت میں راس البنع پر فضائی حملے کیے گئے۔ کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ محمد عفیف ماضی میں المنار ٹی وی کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے ہیں۔ وہ حزب اللہ کے پیغام کو عالمی میڈیا تک پہنچانے میں سرگرم رہتے تھے۔
محمد عفیف حزب اللہ کے ہیڈ کوارٹرز میں شہید ہوئے۔ یہ 2006 کے بعد بیروت شہر کی حدود میں اسرائیل کا چوتھا حملہ تھا۔ حالیہ ہفتوں کے دوران اسرائیل نے بیروت کے نواح میں زیادہ حملے کیے ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حیفا میں اسرائیلی فوجی اڈوں پر ڈرون حملے کرتے ہوئے اسی میزائل داغے ہیں ،جسمیں ایک ٹینک تباہ جبکہ اسرائیلی فوجی مارا گیا۔شمالی اسرائیل کے علاقے سیزریا میں اسرائیلی وزیراعظم کی رہائشگاہ پر بھی حملہ گیا، گھر کے صحن میں دو بم گرائے گئے تاہم نیتن یاہو اور ان کے اہل خانہ گھر میں نہیں تھے۔
وزیرِاعظم کے گھر پر حملے پر جذبات سے بے قابو اسرائیلی وزیر دفاع کہتے ہیں کہ مخالفین تمام حدیں عبورکرچکے ہیں۔ اب تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ حملہ حزب اللہ کی طرف سے کیا گیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔