اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ حکومت کی اہم فریق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی جانب سے بعض امور پر تحفظات سامنے آنے پر نائب وزیراعظم کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ظاہر کیے جانے والے بعض تحفظات دور کرنے کی ذمہ داری نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو سونپ دی ہے۔
نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو پیپلز پارٹی کی قیادت سے رابطہ کرنے اور اتحادی جماعت کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جلد ہی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کے مشیر مطابق کچھ غلط فہمیوں کی وجہ سے یہ تحفظات پیدا ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں بلاول ہاؤس میڈیا سیل میں گفتگو کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وعدوں سے انحراف کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔