Thursday, December 26, 2024
ہومتازہ تریننیب کا 6 ماہ میں کھربوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کرانے کا دعویٰ

نیب کا 6 ماہ میں کھربوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کرانے کا دعویٰ


اسلام آباد:قومی احتساب بیورو (نیب) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ملک بھر میں کھربوں روپے مالیت کی اراضی برآمد واگزار کرائی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بات کا اعلان نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ بیورو کی تین روزہ 24ویں ’ڈی جیز کانفرنس‘ کے دوران کیا گیا۔
کانفرنس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ ’نیب کی کوششوں سے گزشتہ چھ ماہ کے دوران بیورو نے 40 کھرب روپے سے زائد کی بلاواسطہ اور بالواسطہ ریکوری کی جو ایک ریکارڈ ہے۔‘
کانفرنس کے دوران نیب کے علاقائی دفاتر کے سربراہان نے اپنی کارکردگی کی رپورٹس پیش کیں، جن میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ کراچی اور سکھر ریجنز نے گزشتہ سال کے دوران 25 کھرب روپے کی بالواسطہ ریکوریز کیں۔
یہ 18 لاکھ ایکڑ جنگلاتی اراضی کو واگزار کرا کر حاصل کیا گیا، اور زمین پر قبضہ کرنے والوں سے زمین کی بازیابی کے بعد باضابطہ رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی۔ اس کوشش میں سندھ کی صوبائی حکومت کے تعاون کو بے حد سراہا گیا۔
اس کے علاوہ نیب کراچی نے سیٹلمنٹ کے ذریعے 1.18 ارب روپے کی وصولی کی۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ نیب سکھر نے 6 لاکھ 31 ہزار 352 ایکڑ جنگلاتی اراضی بھی واگزار کرائی جس کی مالیت بالواسطہ ریکوری کے طور پر 11 کھرب 3 ارب روپے تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔