Friday, December 27, 2024
ہومتازہ ترینسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا غزہ اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت فوری رکوانے کا مطالبہ

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا غزہ اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت فوری رکوانے کا مطالبہ

ریاض (آئی پی ایس )سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عرب اسلامی ممالک کے مشترکہ سربراہ اجلاس میں غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق فلسطین پر قابض اسرائیل کی غزہ اور لبنان پر مسلط کردہ جنگ کے تناظر میں پیر کو ریاض میں منعقدہ عرب اسلامی ممالک کے مشترکہ سربراہ اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہاکہ عالمی برادری فلسطین اور لبنان میں ہمارے مسلمان بھائیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت فوری رکوائے، انہوں نے غزہ میں اسرئیلی جرائم کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی ولی عہد نے کہاکہ معصوم شہریوں کے خلاف اسرائیل کے جاری جرائم اور ہمارے مقدس مقام مسجد اقصی کی مسلسل بے حرمتی فلسطینی عوام کے قانون حقوق کی بحالی کی کوشش کو ثبوتاژ کر رہے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین (انروا)کو غزہ اور مغربی کنارے میں امداد کی فراہمی سے روکنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت کی۔محمد بن سلمان نے کہاکہ ہم فلسطینی سرزمین اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔