اسلام آباد (سب نیوز )چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کی زیرصدارت سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ختم ہوگیا۔جوڈیشل کمیشن اجلاس میں 11 ممبران نے شرکت کی جبکہ جسٹس جمال مندوخیل اور نمائندہ پاکستان بار اختر حسین جوڈیشل اجلاس میں نہ پہنچ پائے۔
جسٹس منصورعلی،جسٹس منیب،جسٹس امین الدین شریک ہوئے، وزیرقانون، اٹارنی جنرل منصور اعوان بھی موجود تھے۔اپوزیشن کی جانب سے عمر ایوب اور شبلی فراز اجلاس میں شریک ہوئے، حکومت کی جانب سے فاروق ایچ نائیک اور شیخ آفتاب احمد شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچز کے ججز کا فیصلہ نہ ہو سکا۔ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں آئینی بینچ کے لیے کسی جج کی نامزدگی نہ ہوسکی۔ذرائع نے بتایا کہ جوڈیشل کمشین کا اجلاس 25 نومبر کو دوبارہ ہوگا۔