Friday, January 3, 2025
ہومبریکنگ نیوزراولپنڈی ٹیسٹ کے لیے انگلش ٹیم کا اعلان، تین اسپنرز شامل

راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے انگلش ٹیم کا اعلان، تین اسپنرز شامل

اسلام آباد (سب نیوز )انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے فائنل الیون کا اعلان کرتے ہوئے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور تین اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے۔راولپنڈی میں کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ نے اپنی فائنل الیون کا اعلان کردیا ہے۔انگلینڈ نے گزشتہ میچ میں شکست کھانے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں جہاں فاسٹ بالر بریڈن کارس اور میتھیو پوٹس کی جگہ گس ایٹکنسن اور اسپنر ریحان احمد کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔

انگلینڈ کی فائنل الیون کی خاص بات یہ ہے کہ انگلینڈ نے تین اسپنرز کاتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں اس مرتبہ شعیب بشیر اور جک لیچ کا ساتھ دینے کے لیے ریحان احمد بھی موجود ہوں گے۔ریحان نے دو سال قبل پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور 48 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی میچ میں فتح اور سیریز میں کلین سوئپ فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، اس کے بعد انہوں نے رواں سال بھارت کے خلاف تین ٹیسٹ کھیلے تھے لیکن فروری کے بعد سے وہ دوبارہ انگلش ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔

انگلینڈ کی جانب سے تین اسپنرز کھلانے کا مطلب یہ ہے کہ راولپنڈی کی وکٹ اسپنرز کے لیے سازگار ہو گی اور انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک نے بھی آج پریس کانفرنس کے دوران اس بات کا عندیا دیا۔انہوں نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پھوڑے نکال لائے ہیں، پچ پر ہیٹرز اور پنکھے لگے ہیں، ہر کوئی جا کر وکٹ دیکھ رہا ہے اور الگ الگ باتیں کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ عام پاکستانی وکٹ جیسی لگ رہی ہے جو ابتدائی چند دن بیٹنگ کے لیے سازگار ہو گی اور پھر بعد میں اس پر گیند ٹرن ہو گی۔

انگلینڈ نے حقیقتا تین اسپنرز کا اعلان کر کے بڑا رسک لیا ہے کیونکہ حقیقتا فاسٹ بالنگ میں گس ایٹکنسن کی مدد کے لیے صرف کپتان بین اسٹوکس موجود ہوں گے اور اگر وکٹ میں زیادہ ٹرن نہ ہوا تو انگلینڈ کو یہ فیصلہ بھاری پڑ سکتا ہے۔واضح رہے کہ یہ وہی میدان ہے جس پر دو سال قبل پاکستان کے دورے پر آئی انگلینڈ کی ٹیم نے صرف 101 اوورز میں 657 رنز اسکور بورڈ پر لگا دیے تھے اور میچ میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن ہیری بروک کا ماننا ہے کہ یہ وکٹ دو سال پہلے کے مقابلے میں مختلف نظر آ رہی ہے۔

حال ہی میں ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ٹرپل سنچری بنانے والے بلے باز نے کہا کہ ہم نے پچھلی بار بیٹنگ کے لیے انتہائی سازگار وکٹ پر میچ کھیلا تھا، ہم نے وہاں تیزی سے بیٹنگ کی تھی لیکن یہ وکٹ مشکل نظر آ رہی ہے اور اس دفعہ میچ مختلف ہو گا، ہو سکتا ہے کہ یہ ابتدا میں ہی زیادہ ٹرن ہو۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔