واشنگٹن: ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں عید النبی ﷺ کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کا اہتمام امریکہ میں سفیر پاکستان رضوان سعید کی زوجہ محترمہ کی جانب سے کیا گیا۔ آنحضور سرورِ کائنات کی ولادت کی خوشی میں منعقد ہ درود و سلام کی محفل میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء محفل کو سفارتخانہ پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے محترمہ لبنیٰ رضوان نے کہا کہ ہماری مادی زندگی کے معمولات میں ایسی تمام ساعتیں قیمتی اور گرانقد ر ہیں جن میں آپ ﷺ کی ذاتِ پاک کی تعریف و توصیف کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذکرِ پاک کی صحیح معنویت اور افادیت اس کی عملی شکل میں پنہاں ہے۔ محترمہ لبنی رضوان نے کہا کہ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو آپ ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالنا ہے اور آپ ﷺ کی سنتِ طیبہ کی عین روح کے مطابق پیروی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیارِ غیر میں مقیم ہر پاکستانی اپنے اس وطن کا سفیر ہے جو اسلام کے نام پر معرضِ وجود میں آیا۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ آنحضورﷺ کی سیرت کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی عملی زندگیوں سے اسلام کے دین فطرت ہونے کا ثبوت پیش کریں ۔
شرکاء کے مذہبی جوش و جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے محترمہ لبنیٰ رضوان نے شرکاء کو نعتیہ کلام اور بیانات کے الفاظ و معنی پر غور کرنے اور سیرت ِ النبی کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کی تاکید کی۔
اس موقع پر معروف نعت خواں محترمہ زہرہ نورانی، الماس آصف، محترمہ انیلہ، تہمینہ علی، نیر نقوی اور محترمہ طبیہ نے ہدیہ نعت پیش کی۔پاکستانی کمیونٹی کی خواتین کی جانب سے محترمہ راحیلہ فردوس اور محترمہ تسنیم رئیس نے بھی آنحضور ﷺ کو نعت کی صورت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ محفل کی نظامت کے فرائض فرسٹ سیکرٹری محترمہ افراح طارق نے سرانجام دیے۔
محفل کے اختتام پر وطن عزیز اور امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔