Sunday, December 22, 2024
ہومبریکنگ نیوزنیب اراکین اسمبلی کے خلاف گمنام اور جعلی ناموں سے درج درخواستوں پر کارروائی نہیں کرے گا، ڈپٹی چیئرمین نیب

نیب اراکین اسمبلی کے خلاف گمنام اور جعلی ناموں سے درج درخواستوں پر کارروائی نہیں کرے گا، ڈپٹی چیئرمین نیب

لاہور( آئی پی ایس) ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے کہا ہے کہ نیب آئندہ اراکین اسمبلی کے خلاف گمنام اور جعلی ناموں سے درج درخواستوں پر کارروائی نہیں کرے گا۔ غلط اور بے بنیاد درخواست پر درخواست دہندہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی چیئرمین نیب نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو احتساب سہولت سیل (اےایف سی) پر تفصیلی بریفنگ دی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے چیئرمین نیب کی زیر نگرانی ادارے میں ہونے والی اصلاحات کو سراہا۔

بریفنگ میں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے بتایا کہ اے ایف سی سپیکر صوبائی اسمبلی کی زیر نگرانی گریڈ 20 کے آفیسر کے ماتحت کام کرے گا، کسی بھی معزز ممبر صوبائی اسمبلی کیخلاف درج شکایت کو احتساب سہولت سیل میں سکروٹنی کے لیے ریفر کیا جائیگا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سیل صوبائی اسمبلی ممبران کے خلاف نیب کو موصول شکایات پر ابتدائی سکروٹنی کرے گا، تاہم نیب کسی بھی ایم پی اے کے خلاف موصول شکایت ڈائریکٹ ڈیل نہیں کرے گا۔ سیل ابتدائی تحقیقات کے بعد مذکورہ شکایت بذریعہ اسپیکر، نیب کو واپس ارسال کرے گا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک میں ترقی کے لیے کرپشن کا خاتمہ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین نیب نے کہا کسی کے ساتھ زیادتی ہوگی، نہ ہی کسی کی عزت نفس مجروح کی جائے گی۔ گورنر پنجاب نے چیئرمین نیب کے مثبت اقدامات کو سراہا اور گورنر آفس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔